اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام ٹائمز کے مطابق پاسبان اہلسنّت پاکستان کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ اخلاق احمد جلالی نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت اور استحکام کے لئے رسم شبیری ادا کرنے کا وقت آچکا ہے۔ 12 اپریل کو لیاقت باغ میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ سُنی امن کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے عمائدین کو دعوتیں مکمل کر لی ہیں۔ علماء و مشائخ اور قائدین اہلسنّت نے سُنی امن کانفرنس کی مکمل طور پر حمایت کا اعلان کیا ہے۔ 12 اپریل کو لیاقت باغ میں میں دہشتگردی کیخلاف پھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاسبان اہلسنّت کے مرکزی سیکریٹریٹ میں سُنّی امن کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ اخلاق احمد جلالی نے کہا کہ ملک و قوم کو بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے موجودہ حکمرانوں کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے میڈ اِن پاکستان پالیسیاں بنانے اور ان پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ ملکی خود مختاری کو داؤ پر لگانے والوں کا احتساب کرنا ہوگا۔ ملک بچانے کیلئے 80 فیصد متوسط طبقہ خواہ وہ میڈیا، وکلاء، علماء، طلبہ یا زند گی کے کسی بھی شعبہ سے تعلق رکھنے والا ہو اب اسکو اپنے حصے کا دیا جلانا ہی ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲